بغیر ٹکٹ مسافروں کیخلاف ریلوے پولیس ازخود کارروائی نہیں کر رہی، کمرشل عملے کے ساتھ مل کر چیکنگ

لاہور (پنجاب پوسٹ) ٹکٹ چیکنگ کے نظام میں تبدیلی سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں پر ریلوے پولیس نے وضاحت جاری کردی۔ ریلوے پولیس کے مطابق ٹکٹ چیکنگ کے نظام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پولیس بغیر ٹکٹ مسافروں کے خلاف ازخود یا یکطرفہ کارروائی نہیں کر رہی۔

ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق اس حوالے سے باقاعدہ ایس او پی جاری کی گئی ہے، جس کے تحت ریلویز پولیس کمرشل برانچ، ٹی ٹی ای عملے، ٹکٹ چیکرز اور اسٹیشن ماسٹرز کے ساتھ مل کر ٹکٹ چیکنگ کر رہی ہے۔ بغیر ٹکٹ سفر کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو کمرشل عملے کے ساتھ مل کر فرائض انجام دے رہی ہیں۔

ریلوے پولیس کے مطابق ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنز پر مشترکہ ٹکٹ چیکنگ اور انفورسمنٹ کا عمل ایس او پی کے مطابق جاری ہے۔ اسٹیشنز، پلیٹ فارمز اور ضرورت پڑنے پر دورانِ سفر بھی ٹکٹ چیکنگ کی جائے گی، جبکہ بغیر ٹکٹ سفر کی زیادہ شکایات والے اسٹیشنز اور ٹرینوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ منتخب ٹرینوں اور اسٹیشنز پر مشترکہ اور سرپرائز چیکنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چیکنگ کے دوران اہلکار مسافروں کے ساتھ شائستہ، پیشہ ورانہ اور غیرجانبدارانہ رویہ اختیار کریں گے، جبکہ ہراسانی، غیر قانونی حراست، بدسلوکی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ریلوے پولیس کے مطابق بغیر ٹکٹ سفر کی روک تھام کے تمام اقدامات متعلقہ قوانین، محکمانہ ہدایات اور ایس او پی کے مطابق ہوں گے، خصوصی ٹیموں کی تشکیل کا مقصد بغیر ٹکٹ سفر میں کمی اور ریلوے آمدنی کا تحفظ ہے۔

ڈویژنل ایس آر پیز نے آئی جی ریلوے پولیس کو بریفنگ دی کہ کسی بھی جگہ ریلوے پولیس ازخود چیکنگ نہیں کر رہی، بلکہ ایس او پی کے مطابق کمرشل عملے کے ساتھ مل کر چیکنگ کی جا رہی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے