پنجاب کے شہریوں نے ہوٹل اور ریستوران مالکان کی جعلی سازی پکڑ لی ، بڑے شہروں میں عوام نے شکایات کے انبار لگا دئیے

لاہور(پنجاب پوسٹ)وفاقی ادارہ برائے محصولات (ایف بی آر) نے ملک بھر میں جعلی رسیدوں اور غیر شفاف ریکارڈ کے ذریعے ٹیکس ادائیگی میں خردبرد کرنے والے متعدد ریسٹورنٹس اور فوڈ چینز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ متعدد ریسٹورنٹس اور فوڈ چینز صارفین سے باقاعدہ طور پر ٹیکس وصول کرتے رہے، تاہم یہ رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے بجائے ٹیکس ریکارڈ سے ہی غائب پائی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ صارفین کو جاری کیے جانے والے بلوں میں ٹیکس کی مد شامل ہوتی تھی، مگر اس کے باوجود کئی مقامات پر سنگین بے قاعدگیاں سامنے آئیں، جن پر متعلقہ حکام نے فوری نوٹس لیا۔

کارروائی کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس پر جعلسازی ثابت ہونے پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ اس کے علاوہ الیکٹرانک انوائسنگ مانیٹرنگ سسٹم (ای آئی ایم ایس) استعمال نہ کرنے والے اداروں کو بھی باضابطہ نوٹسز جاری کیے گئے، تاکہ مستقبل میں لین دین کی مکمل شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔

یہ کارروائیاں بنیادی طور پر عوامی شکایات کی روشنی میں کی گئیں، جن میں لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور ملتان جیسے بڑے شہر شامل ہیں۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لیا گیا اور متعلقہ اداروں کی جانچ پڑتال یقینی بنائی گئی۔

ایف بی آر نے تمام ریسٹورنٹس اور فوڈ چینز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ صارفین کو درست اور مکمل ٹیکس رسید جاری کریں اور اپنے مالی ریکارڈ کو شفاف انداز میں مرتب رکھیں۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں بھی ایسی بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، تاکہ ٹیکس نظام میں شفافیت اور صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے