لاہور (پنجاب پوسٹ) فوڈ سیکٹر کی جانب سے صارفین سے مبینہ طور پر مقررہ شرح سے زیادہ سیلز ٹیکس وصول کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مختلف فوڈ چینز اور کافی شاپس کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی پر بھی 16 فیصد ٹیکس وصول کر رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے تحت بعض سروسز پر ڈیجیٹل ادائیگی کی صورت میں رعایتی ٹیکس شرح مقرر کی گئی ہے، جبکہ مختلف سروس سیکٹرز میں کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈ اور دیگر ڈیجیٹل ادائیگیوں پر ٹیکس کی شرح 5 یا 8 فیصد رکھی گئی ہے۔ اس کے برعکس کیش ادائیگی پر ٹیکس کی شرح 16 فیصد مقرر ہے۔
اطلاعات کے مطابق کیش ادائیگی پر 16 فیصد ٹیکس کے باوجود ڈیجیٹل ادائیگی پر بھی مبینہ طور پر یہی شرح وصول کی جا رہی ہے، جبکہ قومی اور بین الاقوامی فوڈ برانڈز پر بھی رعایتی ٹیکس شرح پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔
صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ کریڈٹ کارڈ اور دیگر ڈیجیٹل ادائیگیوں پر مقررہ رعایتی ٹیکس شرح کا فوری اطلاق یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مقررہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔











