لاہور (پنجاب پوسٹ) تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں چند روز قبل ٹریفک اشارے پر سنیئر بیوروکریٹ کے ساتھ واردات کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سنیئر بیوروکریٹ کی گاڑی ٹریفک اشارے پر رکی تو ایک ملزم نے گاڑی کا شیشہ کھٹکھٹایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سنیئر بیوروکریٹ نے جیسے ہی گاڑی کا شیشہ کھولا، دوسرے ساتھی ملزم نے گاڑی کا سائیڈ والا شیشہ بند کردیا، جبکہ دو ملزمان نے گاڑی کی دوسری جانب کا شیشہ زور زور سے کھٹکھٹایا۔
ذرائع کے مطابق جیسے ہی سنیئر بیوروکریٹ نے دوسری جانب دیکھا، ایک ملزم ان کا موبائل فون اٹھا کر فرار ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کا مقدمہ لاہور پولیس کی جانب سے درج نہیں کیا گیا، تاہم پولیس نے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دو مرکزی ملزمان سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔












