لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ہفتہ وار اردل روم کا انعقاد کیا جس میں 23 افسران و اہلکار پیش ہوئے۔ اردل روم کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز نے 16 اہلکاروں کی اپیلوں پر فیصلے سنائے جبکہ 7 اہلکاروں کی اپیلوں پر ری انکوائری کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ محکمانہ احتساب فورس کی کارکردگی بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ میں کام چوری اور بدعنوان اہلکاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اختیارات سے تجاوز کرنے والے عوام اور پولیس فورس دونوں کے دشمن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرنس کے تحت کڑا احتساب ہوگا جبکہ ایمانداری سے فرائض سر انجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی رہے گی۔











