لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور سکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
صوبائی وزیر اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر سردار اویس لغاری، صوبائی وزیر سردار شیر علی گورچانی اور رکن پنجاب اسمبلی شمشیر علی مزاری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں اراکین پنجاب اسمبلی سردار صلاح الدین خان، علی احمد لغاری، محمد احمد خان لغاری اور سردار شیر افگن گورچانی سمیت سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی نیکوکارہ، کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سجاد منج، ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان محمد عثمان خالد، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس کنور انوار علی اور دیگر افسران موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:فیصل آباد میں وزیر اعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج کا 70 فیصد کام مکمل
حکام نے اجلاس کو ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال اور اس حوالے سے حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت پنجاب نے ڈیرہ غازی خان اور راجنپور میں 27 سال بعد میرٹ پر بارڈر ملٹری پولیس میں نئی بھرتیاں کی ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں کروائی جا رہی ہے، جبکہ حکومت پنجاب نے 500 ملین روپے کی لاگت سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کو لاجسٹکس اور جدید اسلحہ فراہم کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ غازی خان اور راجنپور میں پولیس اسٹیشنز کی ری ویمپنگ بھی کی گئی ہے، جبکہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں امن و امان کے قیام کیلئے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب ترقی کر رہا ہے۔
اجلاس میں شریک اراکین پنجاب اسمبلی نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں امن و امان کے قیام کیلئے مؤثر اقدامات کو سراہا اور ڈویژن کی ترقی کیلئے تاریخی پیکیج دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور کچے کے علاقوں میں مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔











