لاہور (پنجاب پوسٹ) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے 4 لاپتہ بچیوں کو تلاش کرکے بحفاظت والدین کے سپرد کردیا۔
سی سی ڈی بھکر اور ننکانہ صاحب نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے گمشدہ بچیوں کو تلاش کیا۔ سی سی ڈی بھکر نے تھانہ صدر دریا خان کی حدود سے 3 بچیوں کو تلاش کیا جبکہ سی سی ڈی ننکانہ صاحب نے مانگٹانوالہ کی حدود سے لاپتہ 10 سالہ بچی کو بازیاب کروا کر فیملی کے حوالے کردیا۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق گمشدہ بچیوں کے والدین کی جانب سے متعلقہ تھانوں میں بچیوں کے اغواء کے مقدمات درج کروائے گئے تھے۔ سی سی ڈی نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بچیوں کو تلاش کرکے والدین کے حوالے کیا۔
گمشدہ بچیوں کی بحفاظت واپسی پر متاثرہ خاندانوں نے سی سی ڈی حکام کا شکریہ ادا کیا جبکہ والدین اور اہل علاقہ نے معصوم بچیوں کی بازیابی پر سی سی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 3512 گمشدہ و گھر سے بھاگے بچوں کو تلاش کرکے ورثاء کے سپرد کیا جا چکا ہے۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔











