لاہور (پنجاب پوسٹ) اسپن بولر شاداب خان کی پاکستان ٹیم میں شمولیت پر پاکستان کے 2 مایہ ناز اسپنرز توصیف احمد اور ثقلین مشتاق آمنے سامنے آ گئے۔توصیف احمد نے سوشل میڈیا کے ایک پروگرام میں کہا ہے کہ ثقلین مشتاق کو اپنے داماد کے سوا کچھ نظر نہیں آتا، فیور کی ایک حد ہوتی ہے۔
توصیف احمد نے ثقلین مشتاق کا نام لیتے ہوئے کہا کہ کس نے ہاتھ رکھا ہوا ہے؟ مجھے فون کیا، کسی سے کہلوایا بھی، ریکارڈنگ موجود ہے، غلط بات غلط ہے۔شاداب خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باہر سے آ کر کنٹریکٹ لے لیتے ہو، شان مسعود جو کپتان ہے اسے سی یا ڈی کیٹیگری دی جاتی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:قومی ریسلر انعام بٹ کو بڑا ریلیف مل گیا
انہوں نے کہا کہ ان فِٹ ہو کر یہاں بھی چلے جاتے ہو وہاں بھی اور بیٹھ کر فیور کر رہے ہیں، سب کی بات نہیں کر رہا جن گریٹ پلیئر نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے وہ کوچنگ میں آ کر فیل ہو گئے۔توصیف احمد نے کہا کہ جب کھلاڑی اچھا نہیں کر رہا ہو اور آپ فیور کریں تو یہ بڑا ظلم ہے، سفیان مقیم کا کیا قصور ہے؟
دوسری جانب ثقلین مشتاق نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ توصیف احمد آپ نے کہا ہے کہ آپ کے پاس ریکارڈنگ موجود ہے تو اسے ثابت کریں اور عوام کے سامنے جاری کریں۔ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ میں نے آپ کو احترام کے ساتھ فون کیا تھا کیونکہ میں آپ کو اپنا سینئر سمجھ کر عزت دیتا تھا، جھوٹ نہ بولیں، حقائق نہ چھپائیں اور نہ ہی معاملے کو توڑ مروڑ کر پیش کریں۔
یہ بھی پڑھیں:پی سی بی اکتوبر میں سری لنکا انڈر 17 ٹیم کی میزبانی کرے گا
انہوں نے کہا کہ میرے پاس بھی مکمل ریکارڈ موجود ہے، آپ اپنا ریکارڈ جاری کریں، میں بھی اپنا ریکارڈ عوام کے سامنے لے آؤں گا، عوام کو خود سچ سننے اور حقیقت جاننے دیں۔











