بھکاری نہیں کاروباری، لاہور شہر سے 8 ماہ میں 5 ہزار 327 بھکاری گرفتار، 947 مقدمات درج

لاہور (پنجاب پوسٹ) ٹریفک سگنلز پر بھیک مانگنے والے گداگروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران رواں سال 5 ہزار 327 بھکاریوں کو شہر کے مختلف ٹریفک سگنلز سے ہٹایا گیا، جبکہ متعدد بار وارننگ کے باوجود باز نہ آنے پر 947 مقدمات بھی درج کروائے گئے۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر جاری کارروائی کے دوران 1970 مرد بھکاریوں، 2207 خواتین بھکاریوں، 608 خواجہ سراؤں اور 505 بچوں کو ٹریفک سگنلز سے ہٹایا گیا۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق 3500 سے زائد بھکاریوں کو ایدھی ہومز، 40 بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو جبکہ 954 بھکاریوں کو سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ منتقل کیا گیا۔ بھکاریوں کی ری ہیبلیٹیشن کے لیے پائلٹ پروجیکٹ جبکہ بچوں کے لیے جھوگی اسکول بھی شروع کیا گیا ہے۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ کسی بھی ٹریفک سگنل پر کوئی بچہ، بوڑھا، خاتون، خواجہ سرا یا معذوری کی آڑ میں بھیک مانگتا نظر نہیں آنا چاہیے۔ سیف سٹی کی ٹریفک مانیٹرنگ ٹیموں کو لمحہ بہ لمحہ فیلڈ اسٹاف کو آگاہ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نادرا کے تعاون سے گرفتار بھکاریوں کا ڈیٹا حاصل کرکے ایف آئی آرز کا اندراج کیا جا رہا ہے، جبکہ رات کے وقت ٹریفک سگنلز سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے بھکاریوں کی بھی تلاش جاری ہے۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ شہریوں کی محنت کی کمائی دھوکہ بازوں کے لیے نہیں، گداگروں کی سرگرمیوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا اندیشہ بھی رہتا ہے۔

سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق عادی گداگر ہمدردی حاصل کرنے کے لیے جعلی معذوری کا سہارا لیتے ہیں، ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی سے معاشرے میں بہتری کے ساتھ ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہوگی۔ شہری گداگروں کی حوصلہ شکنی میں ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے