لاہور (پنجاب پوسٹ) محکمہ ایکسائز میں رشوت اور کرپشن کی بڑھتی ہوئی شکایات پر ڈی جی ایکسائز نے 3 رکنی کمیٹی قائم کردی۔
مراسلے کے مطابق کمیٹی ایکسائز افسران کے خلاف رشوت اور ناجائز وصولی کی شکایات کی تحقیقات کرے گی۔ گمنام اور فرضی نام سے دی گئی شکایت قانون کے تحت خارج کردی جائے گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نام، دستخط، فون نمبر، شناختی کارڈ نمبر اور پتہ درج شکایت پر متعلقہ ملزم افسر سے تحریری جواب لیا جائے گا۔
کمیٹی شکایت کنندہ اور ملزم افسر کو طلب کرکے آمنے سامنے جرح بھی کرے گی، جبکہ کیس کا تجزیہ کرنے کے بعد سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
فہیم احمد خان، ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سید عاصم امین، ڈائریکٹر ای اینڈ اے اور محمد سمیر، ڈپٹی ڈائریکٹر کو کمیٹی کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔
کمیٹی ہفتہ وار بنیادوں پر اپنی سفارشات ڈی جی ایکسائز کو جمع کروائے گی، جس پر ڈی جی ایکسائز احکامات جاری کریں گے۔











