اسلام آباد(پنجاب پوسٹ) میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے اور ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پنجاب پولیس نے سیکیورٹی انتظامات کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کو ایک سیاسی جماعت کی جانب سے دی گئی لانگ مارچ کی کال کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے گا، جبکہ مجموعی طور پر 45 ہزار سے زائد افسران و اہلکار مختلف مقامات پر ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔
پولیس ذرائع کے مطابق 8 ڈی آئی جیز اور 15 ایس ایس پیز سمیت تقریباً 30 ہزار افسران و اہلکار اٹک میں تعینات کیے جائیں گے، جبکہ راولپنڈی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 6 ہزار اہلکار تعینات کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 10 سے 12 ہزار اہلکار اسلام آباد پولیس کے حوالے کیے جائیں گے تاکہ وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق نفری کی نقل و حرکت اور دیگر انتظامات کے لیے تقریباً 9 کروڑ روپے کے فنڈز بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ اضافی نفری پنجاب کانسٹیبلری (پی سی)، ضلعی پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی)، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) اور ایلیٹ فورس سمیت مختلف پولیس یونٹس سے فراہم کی جائے گی۔ متوقع طور پر 22 ستمبر سے پولیس نفری کو متعلقہ ڈیوٹی پوائنٹس پر روانہ کرنے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔












