لاہور (پنجاب پوسٹ) امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور مشتعل ہجوم کو روکنے کے لیے پنجاب پولیس نے خصوصی بندوبست کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مشتعل جلوسوں کو روکنے کے لیے شاہراہوں پر اب خصوصی سپر کینٹینرز لگائے جائیں گے۔
پولیس نے 6 کینٹینرز کو جوڑ کر ایک بڑی رکاوٹ بنانے کے لیے سپر کینٹینر تیار کرلیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بڑی شاہراہوں پر سپر کینٹینرز کے ذریعے مظاہرین کو روکنے میں مدد ملے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سوا 3 کروڑ روپے کی لاگت سے پولیس نے ابتدائی طور پر 8 سپر کینٹینرز تیار کروائے ہیں۔ سپر کینٹینرز تیار کروانے کا مقصد یہ ہے کہ جہاں بھی امن و امان کی صورتحال پیدا ہو، انہیں وہاں استعمال کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا اسلام آباد کے بعد پنجاب میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے گا ؟
ذرائع کے مطابق اس سے قبل مظاہرین کے راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے لیے کینٹینرز ہائر کیے جاتے تھے، تاہم مظاہرین سنگل کینٹینرز کو ہٹا کر رکاوٹیں عبور کر جاتے تھے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سپر کینٹینرز کو شاہراہوں سے ہٹانا مظاہرین کے لیے ممکن نہیں ہوگا۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ اضافی فنڈز سے پولیس نے یہ کینٹینرز تیار کروائے ہیں۔











