کینسر اور امراض قلب کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی، 20 لاکھ پارسلز بھجوائے جا چکے ہیں

لاہور (پنجاب پوسٹ) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں کینسر اور امراض قلب میں مبتلا مریضوں تک مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمد کمال مان، ایڈیشنل سیکرٹری پروکیورمنٹ انور بریار، ڈائریکٹر مانیٹرنگ عتیق الرحمن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

وڈیو لنک کے ذریعے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ڈین جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور، ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور، ایم ایس نواز شریف کارڈیک سنٹر مری، ایم ایس ڈی جی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ایم ایس فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ایم ایس وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ایم ایس راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور دیگر کارڈیک انسٹی ٹیوٹس کے ایم ایس حضرات نے شرکت کی، جبکہ پاکستان پوسٹ کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں متعلقہ حکام کو رجسٹرڈ مریضوں تک ادویات کی فراہمی سے متعلق شکایات کا فوری طور پر ازالہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کینسر اور امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو ان کے گھروں تک ادویات کی مفت فراہمی کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے آن لائن ڈیش بورڈ کے ذریعے پارسلز کی لائیو ٹریکنگ بھی کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا صحت کے شعبے میں شاندار کارنامہ 57 سرکاری ہسپتالوں میں ایک روز میں 1 لاکھ 98 ہزار 637 مریضوں کا علاج ، کتنی سرجریاں کی گئیں؟

خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ پاکستان پوسٹ کے ذریعے مریضوں تک ادویات کی مفت فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ جنوری 2025 سے ستمبر 2026 تک کینسر اور امراض قلب میں مبتلا رجسٹرڈ مریضوں کو 20 لاکھ ادویات کے پارسلز بھجوائے جا چکے ہیں۔

ان کے مطابق جنوری 2025 سے ستمبر 2026 تک کینسر اور امراض قلب میں مبتلا 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد مریضوں کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے، جبکہ مریضوں کو 1 ارب 77 کروڑ 20 لاکھ روپے کی مفت ادویات فراہم کی جا چکی ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔ گنجان آباد علاقوں میں بسنے والے مریضوں نے ادویات کی وصولی پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے۔

سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کہا کہ دور دراز کے علاقوں میں کینسر اور امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کا دائرہ کار رورل ایریاز تک وسیع کیا گیا ہے۔

عظمت محمود خان نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کو ادویات کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور شکایات کا فوری طور پر ازالہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے