لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت پنجاب سیڈ کونسل کا 61واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں، منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن فرحان فاروق، دیگر افسران اور زرعی سائنسدانوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں گندم، چاول، مکئی، چنا، مونگ، آلو، مسور، گنے، تل سمیت مختلف فصلوں کی مجموعی طور پر 25 نئی اقسام کو پنجاب میں عام کاشت کے لیے منظوری دی گئی۔ منظور شدہ اقسام میں گندم کی 3، چاول کی 6، چنے کی 5 اور مونگ کی 2 اقسام شامل ہیں، جبکہ مکئی، اوٹس، جوار، سرسوں، ریپ سیڈ، ماش، آلو، مسور، گنے اور تل کی ایک ایک نئی قسم بھی منظور کی گئی۔
سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ نئی اقسام کی منظوری میں زیادہ پیداوار، موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت اور بیماریوں کے خلاف مزاحمت کو ترجیح دی جائے، جبکہ مختصر دورانیے، بہتر غذائی خصوصیات اور درآمدی متبادل فراہم کرنے والی اقسام کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب جدید زرعی تحقیق کو زیادہ پیداوار سے منسلک کرنے اور کسانوں کو بہتر و معیاری بیج کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔









