لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2026 کے خلاف دائر درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
جسٹس شہرام سرور چوہدری نے رکن پنجاب اسمبلی معین الدین قریشی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ ابوزر نیازی جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خواجہ محسن عباس عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرلیے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ "بادی النظر میں بل کس طرح غیر قانونی ہے؟”
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2026 غیر قانونی اور آئین سے متصادم ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ترمیم کے تحت مقدمے کے ٹرائل کے دوران جج، پراسیکیوشن اور گواہان کے نام اور چہرے ظاہر نہیں کیے جائیں گے، جو آئینی تقاضوں کے خلاف ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے پنجاب اسمبلی سے منظور شدہ انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔
عدالت نے مزید کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔









