لاہور( پنجاب پوسٹ ) پنجاب حکومت نے مون سون سیزن سے قبل شہری علاقوں میں نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے پہلی بار بڑے پیمانے پر ڈرینز اور نالوں کی صفائی کا جامع منصوبہ ترتیب دے دیا ہے۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق یہ خصوصی مہم یکم مئی سے شروع ہو کر 15 جون تک جاری رہے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ صوبے کے 41 اضلاع میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسیز (واسا) بیک وقت ڈی سلٹنگ مہم چلائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد بارشوں کے دوران پانی کے نکاس کو مؤثر بنانا اور شہری علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچاؤ ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے پنجاب بھر کی واسا ایجنسیوں کو واضح اہداف سونپ دیے ہیں اور تمام متعلقہ افسران کو مہم بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ افسران کی کارکردگی کا جائزہ بھی اسی مہم کی کامیابی کی بنیاد پر لیا جائے گا۔
حکام کے مطابق واسا ایجنسیاں اس مہم کے دوران دیگر متعلقہ اداروں، جن میں میٹروپولیٹن اور میونسپل کارپوریشنز شامل ہیں، کے ساتھ مل کر کام کریں گی۔ “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت مشترکہ کوششوں سے صفائی کے عمل کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق ڈرینز اور نالوں کی صفائی سے سیوریج نظام کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف بارشوں کے دوران مسائل میں کمی آئے گی بلکہ مجموعی شہری صفائی اور ماحولیاتی تحفظ میں بھی بہتری متوقع ہے۔















