سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقہ چک منڈاہر میں گھریلو ناچاقی کے باعث انتہائی دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں سفاک باپ نے غصے میں آ کر اپنی ہی 3 سالہ معصوم بیٹی کو فرش پر پٹخ کر قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے مقتولہ فاطمہ کی والدہ کرن شہزادی کی مدعیت میں تھانہ کوٹلی لوہاراں میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق گھر میں گھریلو ناچاقی اور گالی گلوچ چل رہی تھی، جس سے منع کرنے پر ملزم عدنان نے شدید طیش میں آ کر اپنی 3 سالہ بیٹی فاطمہ کو زبردستی ٹانگوں سے پکڑا اور جان سے مارنے کی نیت سے فرش پر دے مارا۔
یہ بھی پڑھیں: سانگلہ ہل: والد کی ڈانٹ ڈپٹ سے دل برداشتہ نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا لیں
واقعے کے نتیجے میں معصوم فاطمہ شدید زخمی ہو گئی، جسے فوری طور پر تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج دم توڑ گئی۔
پولیس نے نامزد ملزم (باپ) عدنان کے خلاف بجرم 302 اور 324 کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معصوم بچی کے قاتل کو گرفتار کرنے کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ملزم کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔












