لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب بھر میں پبلک ٹوائلٹس بنانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس جاوید اقبال وینس نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر سماعت کی۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 1420 پبلک ٹوائلٹس موجود ہیں، جن میں سے 1293 درست حالت میں جبکہ 127 خراب ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں مردوں کے لیے 672، خواتین کے لیے 568، کمبائن 114، ٹرانسجینڈر کے لیے 5 اور پی ڈبلیو ڈی کے لیے 10 ٹوائلٹس موجود ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ آبادی کے تناسب سے پبلک ٹوائلٹس کی سہولیات بہت کم ہیں اور صوبے کی 58 فیصد آبادی پبلک ٹوائلٹس کی سہولت سے محروم ہے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے پبلک ٹوائلٹس کے حوالے سے تازہ رپورٹ طلب کرلی۔













