لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امن کیلئے کثیرالجہتی اور سفارت کاری کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ تنازعات کا حل سفارت کاری ہے، پاکستان کا یہ موقف پوری دنیا نے تسلیم کیا ۔انہوں نے حالیہ عالمی بحران میں کامیاب سفارتی کاری پروزیراعظم پاکستان شہباز شریف، ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیاہے۔ خیبر آپریشن میں 22 دہشتگردجہنم واصل ہونے پر اظہارِ تشکر ، فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلئے پوری طرح پرعزم ، وزیر اعلیٰ کا سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین۔
وزیراعلیٰ نے عالمی امن کے لئے پاکستانی سفارت کاروں کی محنت اور کردار کو سراہا-وزیراعلی ٰ نے کہاکہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کی بدولت ممکنہ عالمی جنگ رکواکر کروڑوں انسانی زندگیوں کو بچایا گیا ہے۔ پاکستان نے حالیہ حالات میں سفارت کاری کے ذریعے ایک نئی امید کو جنم دیا ہے۔وزیراعلی ٰ نے کہاکہ معاملات اور تنازعات کا حل سفارت کاری ہے، پاکستان کا یہ موقف پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے۔سفارت کاری سے ہی پوری دنیا میں امن،تجارت اور سیاحت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔
مسئلہ کشمیر کا حل بھی مثبت سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سفارت کاری کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی، غربت اور تنازعات کے حل کے لیے اجتماعی کوشش عملی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ حالیہ عالمی بحران میں کامیاب سفارت کاری نے پاکستان کو ایک ذمہ دار عالمی ریاست کے طور پر مزید مضبوط کیا ہے۔
وزیراعلی ٰنے کہاکہ سفارت کاری تنازعات کو حل کرنے اور اقوام کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا نام ہے۔ سفارت کاری،مکالمے، افہام و تفہیم سے پیچیدہ مسائل کا حل بھی ممکن ہوسکتا ہے۔ وزیراعلی ٰ مریم نے خیبر میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کیاہے-وزیر اعلی ٰ نے خیبر آپریشن میں 22 دہشتگردجہنم واصل ہونے پر اظہارِ تشکر کیا اور سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا -وزیراعلی ٰ نے کہاکہ فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔وزیر اعلیٰ نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 10 سالہ بچے کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا-















