سائلین کو کوئی دھوکا نہیں دے سکے گا ،عدالت کا ملازم کون ہے؟، وردی، تصویر سمیت اہم ہدایات جاری کردی گئیں

لاہور(پنجاب پوسٹ) عدالتی عملے کی حاضری یقینی بنانے کے لیے سیشن جج کی نئی ہدایات
لاہور میں عدالتی عملے کی حاضری یقینی بنانے اور سائلین کو غیر متعلقہ افراد سے محفوظ رکھنے کے لیے سیشن جج لاہور طارق خورشید خواجہ نے جوڈیشل افسران کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

مراسلے کے مطابق تمام عدالتوں میں تعینات عملے کی تصاویر عدالتوں میں آویزاں کی جائیں گی، جبکہ جوڈیشل افسران عملے کی حاضری چیک کرنے کے پابند ہوں گے۔ تمام جوڈیشل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین روز کے اندر عملدرآمد رپورٹ سیشن آفس میں جمع کرائیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی ملازم کا تبادلہ ہونے کی صورت میں سابق ملازم کی تصویر ہٹا کر نئے تعینات ہونے والے ملازم کی تصویر آویزاں کی جائے گی۔ اس کے ساتھ یہ تفصیل بھی درج کی جائے گی کہ متعلقہ ملازم کو کس عدالت میں منتقل کیا گیا ہے۔

ہدایت کے مطابق عدالتی عملہ مقررہ یونیفارم میں عدالتوں میں ڈیوٹی سرانجام دے گا، جبکہ یونیفارم کے بغیر ڈیوٹی کرنے والے ملازم کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سیشن جج کی جانب سے جوڈیشل افسران کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ کسی ملازم کے رخصت پر جانے کی صورت میں متعلقہ جوڈیشل افسر متبادل ملازم کی ڈیوٹی خود مقرر کرے۔

عدالتی عملے کی تصاویر اور تعیناتی کی تفصیلات آویزاں کرنے کے اقدام کا مقصد سائلین کو یہ شناخت کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے کہ کون سا شخص باقاعدہ عدالتی ملازم ہے، تاکہ کوئی غیر متعلقہ شخص خود کو عدالتی ملازم ظاہر کرکے سائلین کو دھوکا نہ دے سکے۔

سیشن جج طارق خورشید خواجہ کی ہدایات پر مشتمل نوٹیفکیشن لاہور کی تمام متعلقہ عدالتوں میں تقسیم کر دیے گئے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے