پوری دنیا اس وقت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ملک کسی قسم کے احتجاج اور مظاہروں کا متحمل نہیں، گورنر پنجاب

لاہور (پنجاب پوسٹ) گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد سمیت مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ دین اسلام محبت، بھائی چارے اور امن و سلامتی کا درس دیتا ہے، نہ کہ توڑ پھوڑ اور احتجاج کی سیاست کا۔ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے انتشار کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ علمائے کرام سمیت ہم سب کو چاہیے کہ ملک کی سالمیت کی خاطر ایک پیج پر کھڑے ہوں۔ پیپلز پارٹی کسی صوبے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی عوامی نمائندہ جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی مفاد کو مقدم رکھنا چاہیے۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ملک اس وقت کسی قسم کے احتجاج اور مظاہروں کا متحمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز ملک دشمن عناصر کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ علمائے کرام معاشرے میں امن و استحکام اور بھائی چارے کا درس دیں، جو وقت کی ضرورت ہے۔

ملاقات کے دوران علمائے کرام نے کہا کہ وہ کسی قسم کی احتجاجی سیاست اور توڑ پھوڑ کا حصہ نہیں۔ علماء کرام نے کہا کہ وہ پاکستان کے امن اور سلامتی کے حامی ہیں اور کسی دھرنے اور احتجاج کے ساتھ نہیں ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے