گورنر پنجاب کی احسن اقبال سے ملاقات، دھرنے اور احتجاج مسئلے کا حل نہیں، مذاکرات ہی راستہ ہیں، اتحادی رہنماؤں کی گفتگو

لاہور (پنجاب پوسٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک اس وقت کسی بھی قسم کی ماردھاڑ اور احتجاجی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، ماردھاڑ اور احتجاج کی سیاست سے باہر نکلنا ہوگا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ دھرنے اور احتجاج کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ناممکن ہے، سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل مذاکرات ہے، اس لیے اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ مذاکرات کی میز پر آئیں۔ وزیراعظم نے پہلے بھی اور اب بھی اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن اتحادی ہیں اور ملکی مفاد کے لیے ایک پیج پر ہیں۔ حکومت کی کوششوں کی بدولت ملکی معیشت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری آرہی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی پالیسی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے، موجودہ حالات میں عوام کی فلاح کے لیے پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کے منصوبہ جات بارے مکمل آگاہی فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سی پیک میں اہم کردار ادا کیا، ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوان نسل ملک و قوم کا سرمایہ ہیں، انہیں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آنے چاہئیں۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے گورنر پنجاب کی سماجی خدمات کو سراہا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے