پتوکی (پنجاب پوسٹ) تھانہ صدر پھول نگر پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، پولیس نے پھول نگر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 08 بدنام زمانہ اور ریکارڈ یافتہ ملزمان کو گرفتار کیا۔
ایس ایچ او صدر نے ٹیم کے ہمراہ پھول نگر میں منشیات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضہ سے 12 کلوگرام سے زائد چرس، 60 لیٹر زہریلی شراب اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پھول نگر کے مختلف علاقوں میں منشیات کا دھندہ کر کے نوجوان نسل کو تباہ کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق نتھے خالصہ کے رہائشی رانا شرافت کے قبضہ سے 04 کلوگرام سے زائد چرس جبکہ رنگیل پور لاہور کے رہائشی عبدالرحمان کے قبضہ سے 04 کلوگرام سے زائد چرس برآمد ہوئی۔ کوٹرادھاکشن کے رہائشی 02 ملزمان اسحاق اور جاوید کے قبضہ سے 04 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ 03 ملزمان ندیم مسیح، عدنان مسیح اور وکرم مسیح کے قبضہ سے 60 لیٹر زہریلی شراب برآمد کی گئی۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف امتناع منشیات اور حدود آرڈیننس کی دفعات کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔












