حافظ آباد (پنجاب پوسٹ) میں تھانہ صدر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گھر میں داخل ہو کر خاتون اور اس کے اہل خانہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے والے دو ملزمان نعمان اور کانسٹیبل اشتیاق احمد کو گرفتار کر لیا۔
واقعے کی تشدد پر مبنی ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی پی او حافظ آباد فواد احمد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ وائرل ویڈیو میں کانسٹیبل اشتیاق احمد کے ملوث ہونے پر اسے معطل کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ ڈی پی او فواد احمد کا کہنا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔












