لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ میں کیسوں کی سماعت کے لیے ترمیمی ججز روسٹر جاری کردیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل سید شبیر حسین شاہ نے ترمیمی ججز روسٹر جاری کیا۔
روسٹر کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر 30 ججز بطور سنگل بنچ کیسوں کی سماعت کریں گے، جبکہ 11 ڈویژن بنچ سول اور فوجداری اپیلوں پر سماعت کریں گے۔ ترمیم شدہ ججز روسٹر 31 اکتوبر تک نافذ العمل رہے گا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تمام نوعیت کی اپیلوں پر سماعت کرے گا، جبکہ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ بنکنگ اور کمرشل اپیلوں کی سماعت کرے گا۔
جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نیب اور دہشت گردی کے کیسوں، جسٹس فیصل زمان کی سربراہی میں بنچ سول اپیلوں، جبکہ جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ قتل سمیت فوجداری اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ منشیات اور قتل کیسوں، جسٹس صادق محمود خرم کی سربراہی میں بنچ قتل، منشیات اور فوجداری اپیلوں، جبکہ جسٹس احمد ندیم ارشد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
جسٹس حسن نواز مخدوم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ ٹیکس ریفرنسز، جسٹس وقار حیدر اعوان کی سربراہی میں بنچ سول اپیلوں، جبکہ جسٹس خالد اسحاق کی سربراہی میں دو رکنی بنچ ٹیکس ریفرنسز اور بنکنگ اپیلوں پر سماعت کرے گا۔










