لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب اسمبلی میں مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف قرارداد جمع کرا دی گئی۔ قرارداد اپوزیشن رکن وقاص مان نے جمع کرائی۔
قرارداد میں حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز میں اضافے پر اعتراض کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز اور لیویز میں فوری اور نمایاں کمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی شدید متاثر ہو رہا ہے، غریب عوام ایک طرف مہنگائی، بے روزگاری اور ٹیکسز کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ مہنگائی کے باعث عام موٹر سائیکل سوار بھی پٹرول کے اخراجات سے شدید متاثر ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی کا احتجاج، پیٹرول سستا کیسے ہوسکتا ہے؟ جماعت اسلامی کی 6 تجاویز کیا ہیں؟
قرارداد میں اشرافیہ، وزراء اور سرکاری اداروں کے غیر ضروری اخراجات ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیوں، پروٹوکول اور غیر ضروری سرگرمیوں پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ خرچ نہ کیا جائے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ عوام کے پیسوں سے حاصل وسائل کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے۔ معاشی مشکلات کا تمام تر بوجھ غریب عوام پر ڈالنے کے بجائے اشرافیہ سے بھی قربانی لی جائے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ حکومت غریب عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نکالنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔










