لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ریسٹورنٹس سے دھوئیں کے اخراج کی روک تھام کے لیے سَکشن ہُڈز کی تنصیب اور مؤثر فعالیت یقینی بنانے کے لیے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) فورس نے کارروائیاں تیز کر دیں۔
لاہور میں سَکشن ہُڈ کی عدم تنصیب، غیر مؤثر نظام اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر متعدد ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران استاد جی تکہ، حافظ BBQ، کنگ خان فیملی ریسٹورنٹ اور حاجی عبدالرحمن ریسٹورنٹ سمیت مختلف ریسٹورنٹس کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
سرکاری سیل توڑ کر دوبارہ ریسٹورنٹ کھولنے پر یاسر بروست ریسٹورنٹ کو دوبارہ سیل کر دیا گیا، جبکہ کراچی چٹخارہ میں سَکشن ہُڈ نصب ہونے کے باوجود مؤثر طور پر فعال نہ ہونے پر یونٹ سیل کیا گیا۔
اسی طرح خان برگر اینڈ BBQ کے BBQ سیکشن میں سَکشن ہُڈ SOPs کی خلاف ورزی پر سیکشن سیل کرتے ہوئے موقع پر Eco Watch بھی کیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب بھر میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف 8 ستمبر کو بھی بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔ 335 اینٹوں کے بھٹوں کا معائنہ، 27 بھٹوں کی مسماری، 6 بھٹوں کو سیل، 6 مقدمات کا اندراج اور 10 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
صنعتی آلودگی کے خلاف 202 صنعتی یونٹس کی چیکنگ، 14 یونٹس سیل، ایک ایف آئی آر اور 11 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ پلاسٹک آلودگی کے خلاف کارروائی میں 1,335 کلوگرام پلاسٹک ضبط، 4 احاطے سیل اور 24 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اڑتی دھول کے تدارک کے لیے 6 یونین کونسلز میں کارروائی کرتے ہوئے خلاف ورزی پر 6 نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ریسٹورنٹس میں سَکشن ہُڈز اور متعلقہ ڈکٹس کے بغیر آپریشن کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ صاف ہوا شہریوں کا حق ہے اور آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔










