لاہور (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبے میں الیکٹروبس سروس کو ڈویژن اور ضلع کی سطح سے بڑھا کر تحصیل کی سطح تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب کی 91 تحصیلوں میں جنوری 2027 سے 1500 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی جبکہ ہر تحصیل کے لیے مخصوص الیکٹروبس ڈپو بھی قائم کیے جائیں گے۔
تحصیل الیکٹروبس سروس کا پہلا بیچ جنوری 2027 میں لاہور پہنچے گا جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مختلف اضلاع کو مزید الیکٹروبسیں فراہم کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ پنجاب بھر میں جون 2027 تک مجموعی طور پر 3 ہزار الیکٹروبسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ستمبر تک الیکٹروبس سروس کا پہلا فیز مکمل کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اینٹوں کے بھٹے اب ہوں گے ختم، پنجاب میں درونز نے اڑان پکڑ لی، مریم نواز کی سخت ہدایات
منصوبے کے تحت ملتان کی 9 تحصیلوں میں 169، ساہیوال کی 4 تحصیلوں میں 87، بہاولپور کی 11 تحصیلوں میں 215، ڈی جی خان کی 10 تحصیلوں میں 63، فیصل آباد کی 12 تحصیلوں میں 202 اور سرگودھا کی 14 تحصیلوں میں 198 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔اسی طرح گوجرانوالہ کی 7 تحصیلوں میں 125، گجرات کی 8 تحصیلوں میں 122 اور راولپنڈی کی 16 تحصیلوں میں 219 الیکٹروبسیں فراہم کی جائیں گی۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں پہلے ہی 612 الیکٹروبسیں مکمل طور پر آپریشنل ہیں جن سے روزانہ لاکھوں شہری مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ ملتان سمیت دیگر اضلاع میں مزید 192 الیکٹروبسیں چند روز میں فعال ہونے کی توقع ہے۔سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد، لاہور، مظفرگڑھ، راولپنڈی، جھنگ، بہاولپور، رحیم یار خان اور اٹک سمیت متعدد اضلاع کو مزید الیکٹروبسیں فراہم کی جائیں گی۔
بھکر، حافظ آباد، خانیوال، چنیوٹ، لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، مری، گجرات اور شیخوپورہ سمیت دیگر اضلاع میں بھی اضافی بس سروس شروع کی جائے گی۔دوسری جانب فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے جبکہ لاہور میٹروبس سروس کے 25 اسٹیشنز کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔










