لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے دوہرے قتل کے مقدمے میں گرفتار دو ملزمان اشتیاق پرویز اور اکرم ڈوگر کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس شہرام سرور نے دوہرے قتل کے مقدمے میں گرفتار دونوں ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزم اشتیاق پرویز کی جانب سے ایڈووکیٹ عبدالغفار سلیمان نے عدالت میں دلائل پیش کیے۔
دوران سماعت ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اشتیاق پرویز کے خلاف 14 نومبر 2020 کو تھانہ صدر فیصل آباد میں دوہرے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ دونوں فریقین کے درمیان علاقے کی چوہدراہٹ کا تنازعہ چلا آ رہا تھا، جس کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ ہوئی اور ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں بلال ڈوگر اور رانا پرویز قتل ہوئے، جبکہ پولیس رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم اشتیاق پرویز وقوعہ کے وقت موقع پر موجود نہیں تھا۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد دونوں فریقین کی جانب سے گرفتار ایک، ایک ملزم کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے اشتیاق پرویز اور دوسری پارٹی کے اکرم ڈوگر کو ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔











