لاہور ( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں گندم خریداری کا عمل تیزی سے جاری ہے، جہاں اب تک 63 ہزار 313 کسان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
ڈی جی فوڈ پنجاب کے مطابق صوبے کے 233 گندم خریداری مراکز پر کسانوں کی رجسٹریشن بلا تعطل جاری ہے، جبکہ 14 کمپنیاں خریداری کے عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔ محکمہ خوراک کے پاس 18 لاکھ 62 ہزار 428 میٹرک ٹن باردانہ موجود ہے، جس میں سے اب تک 26 ہزار 260 بیگز کسانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کسانوں کو 6 ارب روپے مالیت کا باردانہ مفت فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ کسان اپنے قریبی مراکز سے یہ سہولت حاصل کر رہے ہیں۔
ڈی جی فوڈ کے مطابق کسان کارڈ ہولڈرز اور چھوٹے کاشتکاروں سے گندم ترجیحی بنیادوں پر خریدی جائے گی، اور کسانوں کی سہولت کے لیے اتوار سمیت دیگر تعطیلات میں بھی مراکز کھلے رہیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خریدی گئی گندم کی قیمت 72 گھنٹوں کے اندر براہِ راست کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جا رہی ہے، جبکہ خریداری کے عمل کی نگرانی صوبائی اور ڈویژنل سطح پر قائم مینجمنٹ کمیٹیاں کر رہی ہیں۔
ڈی جی فوڈ کے مطابق تمام خریداری مراکز پر اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کا عملہ موجود ہے، جبکہ شکایات کے اندراج کے لیے کسان ٹول فری نمبر 0800-60606 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔















