پتوکی(پنجاب پوسٹ)پتوکی میں کم عمری کی شادی کے معاملے پر تھانہ سٹی پتوکی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں مبینہ طور پر کم عمر لڑکی سے نکاح کرنے والا دولہا ذیشان، نکاح خواں قاری صدیق اور گواہ کامران شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق پروین نامی خاتون نے تھانہ سٹی پتوکی میں درخواست دی کہ اس کی مبینہ 16 سالہ بیٹی مریم کا والدین کی غیر موجودگی میں ذیشان نامی شخص سے نکاح کرایا گیا۔ درخواست موصول ہونے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور نامزد تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف کم عمری کی شادی کروانے کے الزام میں ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کم عمری کی شادی بچوں کے حقوق اور مستقبل کے لیے سنگین مسئلہ ہے، جبکہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔











