شیخوپورہ:کمپنی باغ میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام عقیدہ ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد

شیخوپورہ(پنجاب پوسٹ)تاریخی کمپنی باغ میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام عقیدہ ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی و دینی جماعتوں کے رہنماؤں، علماء کرام، مذہبی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس کے شرکاء نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کو پیغام دیا کہ پاکستان کے دفاع اور ملکی سلامتی کے لیے وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

کانفرنس میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی صدر خالد مسعود سندھو، پروفیسر حافظ طلحہ سعید، لیاقت بلوچ، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر، چوہدری سرور، حارث ڈار، میاں حبیب الرحمن، شہزاد علی ورک، حاجی نواز اور میاں جلیل احمد شرقپوری سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خطابات میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور ناموس رسالت ﷺ کے لیے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بنیاد اسلامی نظریات اور مسلمانوں کے بنیادی عقائد کے تحفظ کے لیے رکھی گئی تھی، جبکہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے علماء کرام اور دینی جماعتوں نے ہمیشہ تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل کو عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تعلیمی اداروں اور معاشرے میں قرآن و سنت کی تعلیمات کو فروغ دے کر نسل نو کو اسلامی عقائد سے روشناس کرایا جائے۔

کانفرنس کے شرکاء سے کہا گیا کہ عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کو اتحاد، محبت اور دینی وابستگی کا درس دیتا ہے، اس لیے تمام مسلمان اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ناموس رسالت ﷺ اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے متحد رہیں۔

کانفرنس کے دوران ملک میں امن، سلامتی، استحکام، امت مسلمہ کے اتحاد اور شہدائے پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔اختتام پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء، علماء کرام اور مختلف سیاسی و دینی جماعتوں کے قائدین کا شکریہ ادا کیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے