الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سمر انٹرن شپ پروگرام اختتام پذیر، ملک بھر سے 30 ہزار سے زائد طلبہ کی شرکت

لاہور (پنجاب پوسٹ) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام جامعات کے طلبہ و طالبات کے لیے منعقدہ سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ چھ ہفتوں پر مشتمل پروگرام میں ملک بھر سے 30 ہزار سے زائد جبکہ لاہور میں ساڑھے 5 ہزار طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اس سلسلے میں اختتامی تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں پروگرام کے 1250 ہائی اچیورز کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔

تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، نائب صدر صائمہ شبیر، چیئرپرسن انٹرنیشنل مسلم ویمن یونین ڈاکٹر سمیہ راحیل قاضی، سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی و ڈائریکٹر الخدمت والنٹئیر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر خالد محمود، جامعات کے اساتذہ، ٹرینرز، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

سمر انٹرن شپ پروگرام کے دوران طلبہ و طالبات کو قیادت، ابلاغ، ٹیم ورک، ڈیجیٹل مہارتوں، مصنوعی ذہانت، ابتدائی طبی امداد، آفات سے نمٹنے، منصوبہ بندی، فنڈ ریزنگ اور کمیونٹی انگیجمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی گئی۔ عملی سرگرمیوں، گروپ ورک اور مختلف منصوبوں کے ذریعے شرکاء کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور عملی تجربہ حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔

WhatsApp Image 2026 09 07 at 5.30.29 PM

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید وقاص جعفری نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان طبقہ بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے مناسب رہنمائی اور عملی مواقع فراہم کیے جائیں۔ سمر انٹرن شپ پروگرام کے دوران نوجوانوں نے اپنی محنت، تخلیقی سوچ اور صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں کامیابی صرف ڈگری یا کسی ایک شعبے کی مہارت تک محدود نہیں، بلکہ قیادت، ابلاغ، ٹیم ورک، ڈیجیٹل مہارتوں اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت کے ساتھ خدمتِ انسانیت اور معاشرتی ذمہ داری کا شعور بھی ضروری ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن نے اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو عملی زندگی کے تقاضوں سے روشناس کرانے اور مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کرنے کی کوشش کی ہے۔سید وقاص جعفری نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتیں صرف ذاتی کامیابی تک محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ انہیں معاشرے کی بہتری اور ملک و قوم کی تعمیر کے لیے بھی بروئے کار لایا جانا چاہیے۔ الخدمت اس مقصد کے لیے تعلیمی و تربیتی اداروں، اساتذہ، ٹرینرز اور نوجوانوں کے درمیان مؤثر رابطے کو مزید فروغ دے گی۔

نائب صدر صائمہ شبیر نے نوجوانوں کی شخصیت سازی اور انہیں خدمتِ خلق کے عملی میدان سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رضاکارانہ سرگرمیاں نوجوانوں میں احساسِ ذمہ داری، قائدانہ صلاحیتوں اور معاشرتی مسائل کو سمجھنے کا شعور پیدا کرتی ہیں۔ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ جامعات کے طلبہ کے لیے ایسے عملی تربیتی پروگرام تعلیمی زندگی اور عملی میدان کے درمیان فاصلے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو عملی تربیت اور تجربہ فراہم کرنے پر الخدمت فاؤنڈیشن کی کاوش کو سراہا۔

تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انٹرنز نے اپنے تجربات اور تاثرات بھی بیان کیے اور الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے عملی تربیت اور صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کو سراہا۔ اس موقع پر مختلف جامعات کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز، شعبہ جات کے سربراہان، انٹرن شپ ٹرینرز اور پروگرام مینجمنٹ ٹیم کی خدمات کو بھی سراہا گیا اور انہیں اعزازات پیش کیے گئے۔

WhatsApp Image 2026 09 07 at 5.30.28 PM

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے