لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور گزشتہ دو روز ہونے والی بارش کے باعث موسم میں تبدیلی کے باوجود لاہور سمیت پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہ ہوسکا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں خصوصاً شام اور رات کے اوقات میں غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں شام اور رات کے اوقات میں 2 سے 3 گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جبکہ لاہور کے مضافاتی علاقوں اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 5 گھنٹے سے زائد تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی لاسز فیڈرز پر 2 سے 6 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری ہے۔ دن کے اوقات میں سولر سسٹمز کے باعث بجلی کی طلب میں کمی رہتی ہے، جس کے باعث شارٹ فال نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے اور دن کے وقت لوڈشیڈنگ نسبتاً کم رہتی ہے۔
تاہم شام ہوتے ہی سولر بجلی کی پیداوار میں کمی کے ساتھ بجلی کی طلب میں اضافہ ہوجاتا ہے، جس کے بعد جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق رات کے اوقات میں بجلی کی طلب 5 ہزار سے 5 ہزار 200 میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رات کے وقت سسٹم پر دباؤ بڑھنے کے باعث تکنیکی خرابیوں، فیڈرز ٹرپ ہونے اور ٹرانسفارمرز جلنے کی شکایات میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے، جس سے بعض علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ مزید بڑھ جاتا ہے۔











