لاہور( پنجاب پوسٹ) پنجاب حکومت نے 8 محکموں اور ان کے ذیلی اداروں میں 43 ہزار 332 سے زائد خالی اسامیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کی منظوری دے دی۔ محکمہ خزانہ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے بجٹ اور اخراجات میں ان تبدیلیوں کو فوری نافذ کریں تاکہ آئندہ بجٹ میں ختم شدہ اسامیوں کے لیے فنڈز مختص نہ کیے جائیں۔
محکمہ خزانہ پنجاب کے احکامات کے مطابق مذکورہ اسامیاں گریڈ 1 سے 16 تک کی ہیں جو یکم جولائی 2024 سے خالی تھیں۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی 30 ہزار سے زائد، محکمہ زراعت اور اس کے ذیلی شعبوں کی 11 ہزار 399، محکمہ ہاؤسنگ کی 727، محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی 561، محکمہ سپیشل ایجوکیشن کی 266 اور محکمہ پبلک پراسیکیوشن کے مختلف ونگز کی 222 اسامیاں ختم کی گئی ہیں۔















