لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پہلی مرتبہ مکمل موبائل وٹرنری فلیٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سٹیٹ آف دی آرٹ موبائل وٹرنری ڈسپنسری، وٹرنری لیبارٹری اور ایکسرے یونٹ کا معائنہ کیا، جبکہ انہیں موبائل وٹرنری ہسپتال میں مویشیوں کی بیماریوں کی اسکریننگ اور سرویلنس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مزید 30 موبائل وٹرنری ڈسپنسریاں اور 17 موبائل وٹرنری لیبارٹریاں شروع کی جا رہی ہیں۔ موبائل ڈسپنسری میں الٹراساؤنڈ اور ایکسرے کی سہولت دستیاب ہوگی، جبکہ موبائل وٹرنری لیبارٹری میں موقع پر ہی 40 مختلف ٹیسٹ کیے جا سکیں گے۔
صوبائی وزیر لائیو اسٹاک عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری لائیو اسٹاک احمد عزیز تارڑ نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ پنجاب کے 10 ڈویژنل ہسپتالوں میں ایکسرے، 36 اضلاع میں آپریشن تھیٹرز اور لیبارٹریاں جبکہ ہر تحصیل میں 138 الٹراساؤنڈ مشینیں موجود ہوں گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں فارمرز کے ڈیرے پر جا کر مویشیوں کے علاج کے لیے 6 ہزار 964 موبائل موٹر سائیکلوں پر وٹرنری اسسٹنٹس خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ سی ایم انٹرن شپ پروگرام کے تحت ایک ہزار انٹرنز نے 34 لاکھ مویشیوں کا علاج کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو بتایا گیا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں 230 وٹرنری ہسپتالوں کی تعمیر و بحالی کے ساتھ ایک ماڈل وٹرنری ہسپتال بھی قائم کیا جائے گا۔ ماڈل وٹرنری ہسپتال میں کیٹل کرش، جدید ترین مکینیکل کرش اور ہارس کرش سمیت جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ آپریشن تھیٹرز میں ہائیڈرالک آپریشن ٹیبل اور جدید لائٹس نصب کی جائیں گی۔
بریفنگ کے مطابق دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے پنجاب میں 8 لاکھ جانوروں کی مصنوعی نسل کشی کی گئی ہے، جبکہ مؤثر ویکسی نیشن کے باعث پنجاب لمپی سکن بیماری سے محفوظ ہو چکا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لائیو اسٹاک کانفرنس کے انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مویشیوں کی بہتر افزائش نسل کے ذریعے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے لائیو اسٹاک فارمرز کو ان کی دہلیز پر مویشیوں کے علاج کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے ماڈل وٹرنری ہسپتال کے مجوزہ ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی۔










