لاہور(پنجاب پوسٹ) اے ٹی سی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تین ہفتوں سے پٹرول کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور حکومت نے پاکستانی عوام کے آنسو نکال دیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی شخصیات کبھی ایک ملک اور کبھی دوسرے ملک کے دوروں پر نکل جاتی ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں جو تقریر ہوئی، ایسی تقریر کبھی کسی دوسری اسمبلی میں نہیں ہوئی۔
پاکستان کے موجودہ سیاسی و حکومتی نظام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سسٹم کو ری سیٹ کی ضرورت ہے اور ملک میں سیاسی تبدیلی ناگزیر ہے۔انہوں نے پمز اسپتال میں بچوں کے جھلسنے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 15 بچے جل گئے، لیکن دونوں وزراء بے شرم ہوچکے ہیں اور اپنی نشستوں پر موجود ہیں۔
فواد چوہدری نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف پمز اسپتال نہیں گئے اور اپنے 43ویں غیر ملکی دورے پر چلے گئے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی تبدیلی کے ساتھ ساتھ عوامی حکومت کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حکومت عوام کے ووٹوں سے نہیں آئی، اسی لیے اسے اب عوام کی پروا نہیں ہے۔
صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بھی نئے صوبے بنانے کے معاملے پر بات ہونی چاہیے۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دس، پندرہ ہزار روپے کی کرپشن کو کرپشن سمجھتی ہیں، جبکہ چالیس، پچاس کروڑ روپے کی کرپشن کو بے ضرر سمجھتی ہیں۔ فواد چوہدری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سیاسی نظام میں بنیادی تبدیلی اور عوامی نمائندگی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔










