لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گرین لاہور وژن کے تحت شہر کو مزید سرسبز و خوبصورت بنانے کے لیے پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے عطا بخش روڈ کے ساتھ شجرکاری کا آغاز کر دیا ہے۔
ایم ڈی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید کے مطابق منصوبے کے تحت سڑک کے اطراف بڑے پیمانے پر بانس کے پودے لگائے جائیں گے۔ایم ڈی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ پانچ کلومیٹر طویل عطا بخش روڈ کے ساتھ بانس کی شجرکاری کی جائے گی، جبکہ بانس کے پودے سڑک کے ساتھ موجود سیوریج نالے کے اطراف لگائے جائیں گے۔
اس اقدام کا مقصد علاقے کو مزید سرسبز بنانا اور شہر کے ماحول کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرنا ہے۔احمد عثمان جاوید کے مطابق عطا بخش روڈ پر پہلے سے بھی پودے موجود ہیں، تاہم پی ایچ اے کی جانب سے مزید 3600 نئے بانس کے پودے لگائے جائیں گے تاکہ گرین بیلٹ اور سڑک کے اطراف سبزہ مزید بہتر ہو سکے۔
ایم ڈی پی ایچ اے نے بتایا کہ شجرکاری کا عمل تیزی سے جاری ہے اور آئندہ ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے عطا بخش روڈ کے اطراف سرسبز ماحول کو فروغ ملے گا اور گرین لاہور وژن کے تحت شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔










