اسلام آباد (پنجاب پوسٹ) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد، لاہور سمیت بڑے شہروں سے میٹروپولیٹن یا میونسپل کارپوریشن کے میئر کا عہدہ ختم کرنا لوکل گورنمنٹ سسٹم کو کمزور اور بیوروکریسی کو مضبوط کرنے کے مترادف ہوگا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میئر کا انتخاب ون مین، ون ووٹ کی بنیاد پر براہ راست ہونا چاہیے، جبکہ مختلف ادوار میں دیگر اداروں یا اتھارٹیز کو بلدیاتی اداروں سے چھینے گئے آئینی اختیارات بھی واپس کیے جانے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ اور مالی خودمختاری دی جانی چاہیے، جبکہ صوبائی حکومتیں صوبائی سطح پر اختیارات کے ارتکاز کا خاتمہ کریں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پراونشل فنانس ایوارڈ کے ذریعے مرکز اور صوبے سے حاصل شدہ وسائل ضلعی سطح پر منتقل کیے جائیں۔ ایک ہی شہر میں متعدد اتھارٹیز ایک ہی کام کریں گی تو نظام کیسے چلے گا؟
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ میونسپل کمیٹیوں، کارپوریشنز اور کینٹونمنٹ بورڈز کے علاوہ یہی کام کرنے والے باقی تمام اداروں کا وجود آئین سے متصادم ہے۔










