جماعت اسلامی کی ہڑتال کامیاب، دو ہفتوں میں ریلیف کا امکان، جماعت اسلامی اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کا پیر سے مذاکرات کا اعلان

لاہور (پنجاب پوسٹ) جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹر منصورہ میں حکومتی وفد نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں حکومت کی جانب سے رانا ثناء اللہ اور سلمان رفیق جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے لیاقت بلوچ، نذیر احمد جنجوعہ، نصراللہ رندھاوا اور نوید بیگ شریک ہوئے۔

ملاقات کے بعد حکومتی اور جماعت اسلامی کے وفود نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 19ویں روز میں داخل ہونے والا دھرنا انتخابات کے لیے نہیں بلکہ مہنگائی میں پسے 25 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں پانچ رکنی ٹیم تشکیل دے دی، جو حکومت کو پٹرولیم لیوی ختم کرنے اور پٹرول کی قیمت کم کرنے کا ٹھوس طریقہ کار فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ جماعت اسلامی پڑھے لکھے افراد پر مشتمل جماعت ہے، جس کا مقصد مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف دینا ہے۔ دونوں جانب کے معاشی ماہرین باہمی مشاورت سے عوام کا معاشی بوجھ کم کرنے کی راہ نکالیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت جماعت اسلامی کی تمام تجاویز کھلے دل سے سننے اور ان پر عملدرآمد کے لیے تیار ہے، جبکہ دو ہفتوں کے اندر تکنیکی بنیادوں پر مذاکرات مثبت انداز میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں جماعت اسلامی کی کوششوں سے بہتری آئی ہے، جبکہ پٹرولیم لیوی کے معاملے پر بھی حکومت جماعت اسلامی کی تجاویز سننے کے لیے تیار ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہڑتال روکنے کی تمام تر کوششوں کے باوجود ملک بھر میں کامیاب ہڑتال ہوئی۔ جب تک عوام کو بجلی، پٹرول اور آٹے پر حقیقی ریلیف نہیں ملتا، جماعت اسلامی کا دھرنا اور احتجاج جاری رہے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جماعت اسلامی کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مذاکرات میں جتنی تاخیر ہوگی، دھرنے بھی اتنے ہی بڑھتے جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان کے مطابق اس وقت فی لیٹر پٹرول پر 131 روپے کے ٹیکسز شامل ہیں، اگر حکومت لیوی ختم کر دے اور ٹیکسز میں مناسب کمی لائے تو پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر تک آ سکتی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے