لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس نے بروقت کارروائی اور مؤثر اقدامات کرتے ہوئے لاپتہ اور اپنے گھر والوں سے بچھڑنے والے تین بچوں کو بحفاظت تلاش کرکے ان کے والدین اور ورثاء کے حوالے کر دیا۔ پولیس کی جانب سے بچوں کی تلاش اور محفوظ واپسی کے لیے فوری رسپانس کو والدین نے سراہتے ہوئے لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
لوئر مال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 7 سالہ لاپتہ بچی آمنہ کو تلاش کرلیا اور ضروری تصدیق کے بعد اسے بحفاظت اس کے ورثاء کے حوالے کر دیا۔ بچی کے اہلخانہ نے پولیس کی بروقت کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں ڈی آئی جی کی کھلی کچہری ، شہریوں کی کن شکایات پر فوری انصاف کیا گیا؟
دوسری کارروائی میں گوالمنڈی پولیس نے میو ہسپتال سے ملنے والی 15 سالہ لڑکی کو بحفاظت اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی گھر والوں سے ناراض ہو کر شیخوپورہ میں واقع اپنے گھر سے میو ہسپتال لاہور پہنچ گئی تھی۔ پولیس نے بچی کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے والدین سے رابطہ کیا اور ضروری کارروائی کے بعد اسے بحفاظت والدین کے سپرد کر دیا۔
راوی روڈ پولیس نے بھی 15 پر موصول ہونے والی اطلاع پر فوری رسپانس دیتے ہوئے 8 سالہ صابر کو تلاش کرلیا۔ صابر اپنی والدہ کے ہمراہ فیصل آباد سے لاہور اپنے عزیز کے گھر مہمان آیا تھا، تاہم راستہ بھٹکنے کے باعث اہلخانہ سے جدا ہوگیا۔ پولیس نے چند گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد بچے کو تلاش کرکے بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا۔
ایس پی سٹی کے مطابق بچوں کے بحفاظت والدین تک پہنچنے پر اہلخانہ نے لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت لاہور پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور لاپتہ افراد خصوصاً بچوں کی تلاش کے لیے پولیس کی جانب سے فوری اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔












