لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان ریلوے نے قراقرم ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کی کمرشل مینجمنٹ عارضی طور پر نجی کمپنیوں کے حوالے کردی ہے۔ قراقرم ایکسپریس کا کمرشل چارج پرائم ریل جبکہ ملت ایکسپریس کا کمرشل چارج لاسانی کارگو سروسز کے حوالے کیا گیا ہے۔
قراقرم ایکسپریس 41 اپ اور 42 ڈاؤن 8 اکتوبر 2026 سے پرائم ریل چلائے گی، جبکہ کمپنی کو ٹرین کی ایڈوانس بکنگ 9 ستمبر سے شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
پاکستان ریلوے نے پرائم ریل کو قراقرم ایکسپریس کے لیے ہر ہفتے 7 روز کی کمرشل رقم ایڈوانس جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ کمپنی کو ہر ہفتے 7 کروڑ 48 لاکھ 23 ہزار 288 روپے جمع کرانا ہوں گے۔
اسی طرح ملت ایکسپریس 17 اپ اور 18 ڈاؤن یکم اکتوبر 2026 سے لاسانی کارگو سروسز چلائے گی۔ کمپنی کو ملت ایکسپریس کی ایڈوانس ریزرویشن فوری شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
ملت ایکسپریس کے لیے لاسانی کارگو سروسز کو ہر ہفتے 5 کروڑ 31 لاکھ 76 ہزار 990 روپے ایڈوانس جمع کرانے ہوں گے۔
دونوں ٹرینوں سے نجی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان ریلوے کو ہفتہ وار مجموعی طور پر 12 کروڑ 79 لاکھ 298 روپے ادا کیے جائیں گے، جبکہ 4 ہفتوں کے حساب سے ماہانہ رقم تقریباً 51 کروڑ 17 لاکھ روپے بنتی ہے۔
قراقرم ایکسپریس کا آپریشن لاہور تا فیصل آباد سیکشن کی بحالی تک عارضی طور پر جاری رہے گا۔ پاکستان ریلوے نے ریزرویشن دفاتر کو دونوں ٹرینوں کی بکنگ سے متعلق انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔












