وہاڑی(پنجاب پوسٹ)ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کی مؤثر حکمت عملی، بھرپور پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مسلسل کارروائیوں کے مثبت نتائج سامنے آگئے۔ اگست 2024 کے مقابلے میں اگست 2026 کے دوران ضلع وہاڑی میں مختلف جرائم کے رپورٹ ہونے والے واقعات میں 90 فیصد تک نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ اگست 2026 کے دوران ڈکیتی، کار سنیچنگ، کار چوری اور اغواء برائے تاوان کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق نقب زنی کے واقعات میں سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔
اگست 2024 میں نقب زنی کے 59 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جو اگست 2025 میں 56 رہے، تاہم اگست 2026 میں یہ تعداد کم ہو کر صرف 6 رہ گئی۔ یوں اگست 2024 کے مقابلے میں نقب زنی کے واقعات میں 90 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔
اسی طرح موٹر سائیکل سنیچنگ کے واقعات میں بھی نمایاں کمی سامنے آئی۔ اگست 2024 میں موٹر سائیکل سنیچنگ کے 42 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ اگست 2025 میں یہ تعداد 8 رہی۔ اگست 2026 میں صرف 6 واقعات رپورٹ ہوئے، جس کے نتیجے میں اگست 2024 کے مقابلے میں 86 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رابری کے واقعات میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی۔ اگست 2024 میں رابری کے 131 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جو اگست 2025 میں کم ہو کر 56 ہوگئے، جبکہ اگست 2026 میں صرف 22 واقعات رپورٹ ہوئے۔ اس طرح اگست 2024 کے مقابلے میں رابری کے واقعات میں 83 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق مویشی چوری کے واقعات بھی کم ہوئے۔ اگست 2024 میں مویشی چوری کے 49 واقعات رپورٹ ہوئے، اگست 2025 میں یہ تعداد 96 رہی جبکہ اگست 2026 میں واقعات کی تعداد کم ہو کر 41 رہ گئی۔ فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق مویشی چوری میں 58 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں بھی کمی سامنے آئی۔ اگست 2024 میں موٹر سائیکل چوری کے 165 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ اگست 2025 میں یہ تعداد 114 رہی۔ اگست 2026 میں صرف 92 واقعات رپورٹ ہوئے، جس کے نتیجے میں اگست 2024 کے مقابلے میں 44 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
وہاڑی پولیس کے مطابق ڈی پی او تصور اقبال کی ہدایات پر پولیس نے جرائم کی روک تھام کے لیے پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر بنایا، جس کے باعث ضلع میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر پولیسنگ کا سلسلہ مزید جاری رکھا جائے گا۔











