شیخوپورہ ( پنجاب پوسٹ ) وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر کی سربراہی میں شیخوپورہ کے علاقہ فیروزوالا الحمد گارڈن میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری بے نقاب کر دی گئی۔
حکام کے مطابق چھاپے کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی جعلی ادویات برآمد کی گئیں جبکہ ملزمان شہباز رضوان اور احسن کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران جعلی ادویات تیار کرنے اور پیکجنگ کے لیے استعمال ہونے والی مشینری بھی قبضے میں لے لی گئی۔
برآمد شدہ ادویات میں اینٹی بائیوٹکس، نشہ آور انجیکشن، وٹامنز اور شوگر کے مریضوں کے لیے تیار کی جانے والی ادویات شامل ہیں، جبکہ بعض ادویات اور انجیکشنز پر خیبر پختونخوا حکومت کی جعلی مہر بھی لگی ہوئی تھی۔
وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کارروائی کی نگرانی کرتے ہوئے ڈرگ کنٹرول ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ عوام کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی سمیت دیگر اداروں کی مدد بھی حاصل کی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق جعلی ادویات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے اور عوام کو معیاری و محفوظ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔















