لاہور: تحصیل نشتر میں پیرا فورس کا قانون سے کھلواڑ، بغیر وردی رات گئے بند دکانوں کو سیل کرنے کا انکشاف۔۔۔

لاہور(پنجاب پوسٹ)تحصیل نشتر میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) فورس کی جانب سے مبینہ طور پر اختیارات سے تجاوز اور ضابطہ کار کی خلاف ورزی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کاہنہ کے علاقے میں پیرا فورس کے اہلکاروں نے رات گئے بند دکانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کیا، تاہم کارروائی کے طریقہ کار پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انویسٹی گیشن آفیسر اعجاز کی سربراہی میں پیرا فورس کی ٹیم نے رات کے وقت کاہنہ کے علاقے میں کارروائی کی۔ عینی شاہدین کے مطابق متعلقہ افسر اور اہلکار مبینہ طور پر سرکاری وردی کے بغیر کارروائی میں مصروف رہے اور بند دکانوں کو سیل کیا گیا۔

مبینہ کارروائی کے دوران پیرا فورس کے قواعد و ضوابط کی پاسداری نہ کیے جانے پر شہریوں کی جانب سے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار ہی مقررہ ضابطہ کار کے برعکس کارروائی کریں تو ان کے اقدامات کی قانونی حیثیت اور شفافیت کیسے برقرار رہے گی۔

ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں ڈی جی پیرا فورس کی جانب سے بغیر وردی کارروائی کرنے والے ایک افسر کو معطل بھی کیا جا چکا ہے۔ اس کے باوجود تحصیل نشتر میں مبینہ طور پر بغیر وردی کارروائی کا معاملہ سامنے آنا پیرا فورس کے اندرونی نگرانی اور احکامات پر عملدرآمد کے نظام پر سوالات اٹھا رہا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رات گئے بند دکانوں کو سیل کرنے کی کارروائی، اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر بغیر وردی کارروائی اور اختیارات کے استعمال کی مکمل تحقیقات کی جائیں، جبکہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے