لاہور(پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء اور شہریوں کو لائسنسنگ کی سہولیات کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق ماہ اگست کے دوران صوبہ بھر میں 6 لاکھ 38 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق اگست میں 2 لاکھ 15 ہزار سے زائد شہریوں نے نیو لرننگ لائسنس حاصل کیے، جبکہ 2 لاکھ 8 ہزار سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔
اسی طرح 2 لاکھ 6 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی، جبکہ ایک ہزار سے زائد شہریوں کو گمشدہ ڈرائیونگ لائسنس دوبارہ جاری کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق ایک ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے گئے۔ ایک لاکھ سے زائد شہریوں نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا، جبکہ 3 لاکھ سے زائد شہریوں نے اپنے ای ڈرائیونگ لائسنس ڈاؤن لوڈ کیے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور صوبہ بھر میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شہریوں کو باقاعدہ سیکھ کر گاڑی چلانے کی ترغیب دی جا رہی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ سیکھ کر گاڑی چلانے کے عمل کو فروغ دینے کے باعث پنجاب میں ٹریفک حادثات میں 32 فیصد کمی آئی ہے۔
محمد وقاص نذیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن پورٹل کی سہولیات سے استفادہ کریں اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے سے گریز کریں۔













