لاہور(پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر لاہور میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا۔ ڈیفنس سی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت دو مبینہ منشیات فروشوں کو منشیات کی سپلائی دیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ریحانہ اور جنید کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان سے اڑھائی کلو سے زائد چرس برآمد کی گئی۔
ایس پی کینٹ کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے آن لائن منشیات منگوا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں مخصوص لوکیشنز پر سپلائی دینے کا انکشاف کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ لاہور میں منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہر میں منشیات کے مکروہ کاروبار کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔











