ننکانہ صاحب(پنجاب پوسٹ)کے تھانہ صدر کے نواحی گاؤں پیڑے والی میں گھریلو ناچاقی کے افسوسناک واقعے نے ایک گھر اجاڑ دیا، جہاں شوہر نے مبینہ طور پر اپنی 26 سالہ بیوی کو قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و تشویش کی فضا پیدا ہوگئی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت 26 سالہ زنیرہ کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ننکانہ صاحب ارسلان زاہد بھاری نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں:لڑکی کا انکار، غیرت کو للکار؟ چشتیاں میں ایک اور بیٹی نے جان دیکر انکار کی قیمت چکا دی
ڈی پی او ارسلان زاہد نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور مقتولہ کے ورثاء سے ملاقات کرکے انہیں پولیس کی جانب سے مکمل تعاون اور انصاف کی یقین دہانی کرائی۔ ان کی موجودگی میں پولیس افسران نے واقعے سے متعلق ابتدائی معلومات بھی حاصل کیں۔
پولیس کے مطابق کرائم سین یونٹ اور پنجاب فرانزک سائنس ٹیموں نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جنہیں تفتیش کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ واقعے کی وجوہات اور حالات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے مبینہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اور تفتیش کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او ارسلان زاہد نے کہا کہ واقعے میں ملوث سفاک ملزم کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور مقتولہ کے ورثاء کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔










