راولپنڈی ( پنجاب پوسٹ)پی پی ایس سی نے سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پی ایم ایس 2025 کے امیدواروں کے امتحانی مراکز راولپنڈی سے لاہور منتقل کر دیے۔ راولپنڈی ڈویژن کے 1216 امیدواروں کے لازمی مضامین کے پیپرز اب لاہور میں منعقد ہوں گے۔ فیصلہ ممبر پی پی ایس سی مرزا سہیل عامر کی زیر صدارت کمیٹی اجلاس میں کیا گیا۔۔۔سیکرٹری پی پی ایس سی افضال احمد نے امتحانی مراکز منتقلی کے حوالے سے نوٹفیکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے گورنمنٹ گورڈن گریجویٹ کالج لیاقت روڈ اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن جھندا چیچی میں امتحانات شیڈول تھے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کی سکیورٹی صورتحال کے باعث امتحانی مراکز لاہور منتقل کر دئیے گئے ہیں جو کہ ڈویژنل پبلک اسکول ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوں گے۔ رپورٹس کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کیلئے کوالیفائی 1 ہزار 216 امیدواران میں 754 مرد اور 462 خواتین شامل ہیں ۔ جن کے امتحانات 24 اپریل سے 26 اپریل 2026 تک منعقد ہونا تھے۔
پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مطابق امیدواروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے فیصلہ کیا گیا ۔متاثرہ امیدوار 21 اپریل دوپہر 2 بجے کے بعد نظرثانی شدہ ایڈمیشن لیٹرز ڈاؤن لوڈ کریں۔امیدوار مقررہ شیڈول کے مطابق نئے امتحانی مرکز میں حاضری یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ پی ایم ایس/کمبائنڈ کمپیٹیٹو ایگزامینیشن 2025 فیز ون کے نتائج پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں ، 25 جنوری کو منعقدہ فیز ون امتحان میں 36 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہوئے، ابتدائی مرحلے میں 119 اسامیوں کے لیے 8 ہزار898 امیدوار کامیاب قرار پائے تھے۔۔کامیاب امیدواروں کو فیز ٹو کے 11 سبجیکٹو پرچوں کے لیے بلایا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں 5 لازمی اور 6 اختیاری مضامین شامل ہوں گے۔تحریری امتحان کے بعد نفسیاتی جانچ اور انٹرویو کا مرحلہ ہوگا















