سرگودھا(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اون سورس ریونیو کے تحت ضلع سرگودھا میں تقریباً ایک ارب روپے تخمینہ لاگت کے اہم سڑکوں کے تعمیر، بحالی اور مرمت کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔ منصوبوں کی تکمیل سے شہری و دیہی علاقوں کے روڈ انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آنے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر ہونے کی توقع ہے۔
منظور شدہ منصوبوں میں ڈیری روڈ، آزاد روڈ، نیو اردو بازار روڈ، غلہ مارکیٹ روڈ، پائلٹ سکول روڈ اور آرا مارکیٹ روڈ کی تعمیر و بحالی شامل ہے، جن پر مجموعی طور پر 17 کروڑ 57 لاکھ 90 ہزار روپے خرچ ہوں گے۔
اسی طرح خیال چوک اوورہیڈ برج کی بحالی کے لیے 8 کروڑ 89 لاکھ 81 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ جوہر کالونی روڈ سے فاطمہ جناح روڈ، گل والا پھاٹک کے ذریعے ہری پورہ برج تک سڑک کی بحالی پر 22 کروڑ 86 لاکھ 74 ہزار روپے خرچ ہوں گے۔
شمع چوک سے سٹیڈیم گیٹ، لنک چیمہ ہاٹ سینٹر تک سڑک کی بحالی کے لیے 16 کروڑ 46 لاکھ 45 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ مین بازار بھاگٹانوالہ روڈ اور لاہور روڈ سے بھیروال تا کوٹمومن لنک روڈ کی بحالی پر 12 کروڑ 77 لاکھ 15 ہزار روپے خرچ ہوں گے۔
شاہپور میں جیل روڈ تا شاہپور صدر سڑک کی بحالی و بہتری کے لیے 9 کروڑ 88 لاکھ 88 ہزار روپے جبکہ فاروقہ روڈ سے سیال دھولکا تک سڑک کی بحالی کے لیے 5 کروڑ 66 لاکھ 84 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ سیال موڑ روڈ کے انٹرچینجز پر بیوٹی فکیشن کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی ہے، جس کی تخمینہ لاگت 6 کروڑ روپے ہے۔
ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کے مطابق اون سورس ریونیو کے منصوبوں سے سرگودھا کے روڈ انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔ سڑکوں کی بحالی سے ٹریفک کی روانی بہتر ہونے کے ساتھ شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات میسر ہوں گی، جبکہ منصوبوں کی تکمیل سے شہری اور دیہی علاقوں میں آمدورفت کی سہولیات بھی بہتر ہوں گی۔












